لاہور،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ،نامہ نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک ،92 نیوز رپورٹ ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جسٹس (ر) عظمت سعید منتخب حکومت کیخلاف سازش کے کرتا دھرتا تھے ، انکے کیلئے بہتر ہوگا وہ خود کو براڈ شیٹ کی تحقیقاتی کمیشن سے الگ کرلیں،لاہور میں کھوکھر پیلس کو مسمار کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے مریم نے کہاکہ کھوکھر برادران کو (ن) لیگ کا ساتھ دینے کی سزا دی جا رہی ، بلاول تحریک عدم اعتماد کیلئے پہلے نمبرز شو کریں ،عمران خان قومی املاک کے بجائے اپنے محل گروی رکھیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھوکھر برادران کی رہائشگاہ آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خود کھوکھر پیلس کے خلاف آپریشن کو مانیٹر کرتے رہے ، رہنماؤں نے ظلم و جبر کے باوجود وفاداریاں بدلنے سے انکار کردیا ، قبضہ مافیا تو خود حکومت ہے ، حکومت کی کرپشن کے سکینڈل سامنے آ رہے ہیں، ایک دن تو آئے گا جب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گا،اب ان کی باری ہے ، جب عمران خان کمزور ہوں گے تو ان کی پارٹی بھی ختم ہو جائیگی ، ہم ان کو اتنی آسانی سے جانے نہیں دینگے ، بلاول کے پاس ان ہاؤس تبدیلی کے لیے نمبرز ہیں تو اپنی تجویز پی ڈی ایم میں رکھیں ، پاکستان کا سب سے بڑا قبضہ مافیا عمران خان ہے ۔ مریم نواز نے بختاوربھٹو کی شادی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔نارووال سپورٹس سٹی کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت مکمل ناکام ہو چکی ہے جب کہ ملک قرضوں کے چنگل میں پھنس چکا ہے ، 11ہزار قرض لینے والوں نے کہیں ایک اینٹ نہیں لگائی ۔ مریم اورنگزیب نے جاویدلطیف کی فیملی پر10سے زائدایف آئی آرزکے اندراج کی مذمت کردی،اپنے ردعمل میں انہوں نے کہانئے پاکستان میں سیاسی مخالفین کے گھرگرائے جا رہے ہیں ،عمران صاحب کا نام تاریخ میں نالائق ترین حکومت کے طورپریاد رکھاجائیگا جبکہ مریم نے طلبہ کے دھرنے میں بھی اظہار یکجہتی کے طور پر شرکت کی ۔ پی ڈی ایم سربراہ فضل الرحمٰن نے تحریک کے 70 فیصد مقاصد حاصل کرنے کا دعویٰ کردیا ہے ۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ا نہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد متفق ہے ، پی ڈی ایم کے حوالے سے افواہیں پھیلانے والے غفلت کی نیند سو رہے ہیں ، 4 فروری کے سربراہی اجلاس میں مزید اہم فیصلے کیے جائیں گے جبکہ اپوزیشن اتحاد میں دراڑیں پڑنے لگیں،فضل الرحمٰن نے بلاول اور مریم کی نوازشریف اور زرداری کو شکایت کر دی۔مولانا دونوں کی سولو فلائٹ پر برہم ہو گئے ۔ ذرائع کے مطابق مولانا نے شکوہ کیا کہ حکومت مخالف تحریک کے فیصلے پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے ڈرائنگ روم میں ہو رہے ہیں ،اگر فیصلے بلاول اور مریم نے ہی کرنے ہیں تو پی ڈی ایم کو بنانے کا کیا فائدہ ہوا، سینٹ الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان باقاعدہ طور پر پی ڈی ایم کی سطح پر کیا جائے ۔ بلاول اور مریم کی سولو فلائٹ سے اتحاد میں شامل جماعتوں کے قائدین کے تحفظات بھی شدید ہونے لگے ہیں۔ ضمنی انتخابات، سینٹ الیکشن اور ان ہاؤس تبدیلی کے بیانات کے بعد مولانا تنہا ہو گئے ، زرداری اور نواز شریف نے مولانا کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے مری میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے کشمیر کاز کو بہت نقصان پہنچایا ہے لیکن کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا۔