تہران(نیٹ نیوز،این این آئی)ایرانی وزیرخارجہ محمد جوادظریف نے عالمی طاقتوں سے جوہری ڈیل کے بارے میں جلد ٹھوس اور تعمیری لائحہ عمل پیش کرنے کا اعلان کیا ہے ۔دوسری طرف ایران کے وزیر دفاع نے اسرائیلی دھمکیوں کو غاصب صیہونی حکومت کی کمزوری کی علامت قرار دیا اور کہا کہ اگر انہوں نے زیادہ حماقت کی تو تل ابیب اور حیفا کو مٹی کے ڈھیر میں تبدیل کردیں گے اور صیہونی حکام اس بات کو اچھی طرح جانتے بھی ہیں ۔دریں اثنا ایران نے 5 سال سے قید ایرانی نژاد برطانوی خاتون نازنین زغاری ریٹکلف کو رہا کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نازنین زغاری کو رہائی کے بعد ایک اور الزام میں عدالت نے سمن جاری کرتے ہوئے 14 مارچ کو طلب کرلیا ہے ۔نازنین زغاری کو 2016 میں ریاست کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔انہیں4 سال جیل میں گزارنے کے بعد گذشتہ برس مارچ میں گھر پر نظربند کر دیا گیا تھا۔