ہرنائی، کوئٹہ (عبدالمالک + خ ن) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں فائرنگ اور دھماکے سے سکیورٹی فورسز کے 3 اہلکاروں سمیت 5 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔لیویز کے مطابق ہرنائی کے علاقے کھوسٹ میں سحری کے بعد دور دراز پہاڑی مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے کوئلہ کی کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2مزدور جاں بحق ہوگئے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوئیں تو راستے میں ایف سی کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار 3 اہلکار جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا، جاں بحق اور زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے حملہ آوروں کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کردیا ۔صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان ،گورنر ،وزیراعلیٰ بلوچستان ودیگر سیاسی رہنمائوں نے اہلکاروں اور کان کنوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے ۔