کوئٹہ (آئی این پی) جمعیت علما اسلام کے مرکزی ترجمان اور متحدہ مجلس عمل رابطہ کمیٹی کے سربراہ حافظ حسین احمدنے کہاہے کہ’’رند‘‘ کو ویسے بھی ’’جام‘‘ پسند ہے ،البتہ اب’’ انکی‘‘ سرپرستی نے ’’جام‘‘ کو’’باکمال‘‘ بنا دیا۔جمعہ کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بلوچستان کے گھمبیرمسائل کے حل کی بجائے اقتدار پہ تابع دار عناصر کو لانے کے لیے ’’پیکج ڈیل‘‘ کی جاتی رہی ہے اوراب بھی اسی فارمولے کو ایک نئے اندازسے ایک بارپھرآزمایاجارہا ہے ،اس سے بلوچستان کے دکھوں کا مدوا ممکن نہیں،اﷲ نہ کرے اس کا انجام بھی ماضی کی طرح "آغازحقوق بلوچستان "جیساہو۔ انہوں نے کہا بھان متی کے کنبے کو متحد و متفق رکھنا مشکل ہوگا،بہر حال مظلوم بلوچستان کے عوام ’’جام کمال‘‘کی با کمال پرواز کیلئے دعاگورہیں تاکہ گوناگوں مشکلات سے ’’باکمال‘‘پرواز ’’جام‘‘نہ ہو۔