لاہور،راولپنڈی،منڈی عثمان والا، شیخوپورہ، وزیر آباد، ملتان،پشاور(جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،اپنے رپورٹر سے ،نمائندہ 92نیوز، ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار،سپیشل رپورٹر،خبرنگار،مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں ڈینگی کے حملے تیز ہوگئے جن کے نتیجہ میں مزید سینکڑوں افراد مرض میں مبتلا ہوگئے جبکہ جواں سالہ بہن بھائی اور پاکستان سنی تحریک پنجاب رابطہ کمیٹی کے رکن و معروف عالم دین مفتی لیاقت علی رضوی سمیت7 افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق منڈی عثمان والا کے نواحی گاؤں بیا سنگھ کے رہائشی مزدور کی اٹھارہ سالہ بیٹی ایف اے کی طلبا انعم اور سترہ سالہ بیٹا اعجاز کو ڈینگی ہونے پر تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال لے جایا گیا جہاں ہی پہلے بہن اور آدھے گھنٹے بعد بھائی نے دم توڑ دیا ،دونوں کی نماز جنازہ بیا سنگھ میں ادا کر دی گئی ۔ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں زیر علاج مفتی لیاقت علی رضوی اور صاحب جان جبکہ بینظیر بھٹو ہسپتال میں زیر علاج ساجد اور زنیر ابھی دم توڑ گئے ۔ راولپنڈی میں24 سالہ خاتون سکول ٹیچر خولہ بھی ڈینگی کے باعث دم توڑ گئی ۔ترجمان سنی تحریک کے مطابق مفتی لیاقت علی رضوی کی نمازجنازہ جامعہ غوثیہ اکبریہ غوری ٹاؤن میں اداکی گئی جس میں سربراہ سنی تحریک ثروت اعجازقادری، تحریک صراط مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی،پیرسیدحسین الدین شاہ،سنی تحریک کے سینئر رہنما شاہد غوری، محمدشاداب رضانقشبندی، زاہدحبیب قادری، علامہ طاہراقبال چشتی،علامہ عمران نظامی،تحریک صراط مستقیم کے رہنماعلامہ اشفاق صابری سمیت ممتازعلما ومشائخ، مذہبی وسیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔ ثروت اعجازقادری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انسداد ڈینگی کیلئے حکومتی اقدامات صفر سے زیادہ کچھ نہیں۔ گزشتہ روزپنجاب میں ڈینگی کے 203 نئے مریض سامنے آئے ۔24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی سے 154،لاہورسے 15،شیخوپورہ، مظفر گڑھ،گوجرانوالہ،قصور ،منڈی بہائو الدین،حافظ آباد،اٹک،وزیرآباد،جہلم، اوکاڑہ اور پاکپتن سے ایک ایک،گجرات سے 5،بھکر سے 3, لیہ، بھاولنگر،فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے 2 ،2،سرگودھا سے 7اور ملتان سے 4 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ پنجاب کے مختلف ہسپتالوں سے 233مریض صحت یاب ہوکرڈسچارج ہوئے ، 631مریض زیر علاج ہیں۔پنجاب میں رواں سال کل مریضوں کی تعداد 4ہزار 123 ہو گئی ۔ گزشتہ روز صوبہ بھر سے ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت برتنے پر 136 کمرشل مقامات کے خلاف مقدمات درج جبکہ 28افراد گرفتار کیا گیا، 470افراد کو وارننگ دی گئی اور 21 مقامات سیل کئے گئے ۔ضلعی انتظامیہ لاہور نے 117 افراد کیخلاف ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر مقدمات کا اندراج کرایا ۔ڈی سی لاہور محمد اصغر جوئیہ نے کہا کہ انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے پنجاب حکومت کی ہدایت پر لاہور جنرل ہسپتال سے 20ڈاکٹرز پر مشتمل دوسرا گروپ ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے راولپنڈی روانہ کر دیا۔ اے سی رائیونڈ عدنان بدر کی زیر صدارت ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس تحصیل رائیونڈ میں ہوا۔خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے مزید 108افراد متاثر ہو نے کی تصدیق ہوئی جس سے تعداد مجموعی طورپر 3ہزار967تک پہنچ گئی ہے ۔