لاہور ، حافظ آباد ، شیخوپورہ، مریدکے ، پنڈی بھٹیاں ، چترال(سپیشل رپورٹر ، ڈسٹرکٹ رپورٹرز، نامہ نگار، نمائندہ 92 نیوز ) رنگ محل لاہور میں تیزرفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی ، 7 سالہ بچہ جاں بحق اور ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا ، اندرون لوہاری کے رہائشی ضیاکا7 سالہ بیٹا احسان اپنے کزن ابراہیم کے ساتھ گھر سے موٹر سائیکل پر کھانا لینے جا رہا تھا شالمی چوک کے قریب تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی ، ٹرک کے ٹائروں تلے آکر احسان موقع پر جاں بحق اور ابراہیم زخمی ہو گیا ، پولیس نے ٹرک ڈرائیور آصف کو گرفتار کرلیا، اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہیوی ٹریفک کے باعث ایک ہفتے کے دوران دوسرا حادثہ پیش آیا ہے ۔ حافظ آباد کے نواحی گاؤں ادوکی کے قریب تیز رفتار بس نے رکشہ کو ٹکر دے ماری ، 5سالہ بچہ جاں بحق اور 4افرادشدید زخمی ہوگئے ، ایک نجی ملز کی بس ورکرز کو لیکر باہو مان سے آرہی تھی کہ رکشہ سے ٹکر ا ، اذان احمد جاں بحق ، محمد اعظم، عاصمہ بی بی، علی حسن، اور تنزیلہ بی بی زخمی ہوگئے ، بس ڈرائیور مظہر اقبال فرار ہوگیا، بچے کے ورثا اور علاقہ مکین نے شدید احتجاج کیا۔ شیخوپورہ میں شیخوپورہ مریدکے روڈ اور شرقپور روڈ پر ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور 6افراد زخمی ہو گئے ، تیزرفتا ر مسافر رکشہ بے قابوہو کر ملاں کلاں کے قریب الٹ گیا ، ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے ، شرقپور روڈ پر دربار بابابودے شاہ کے قریب کار کے بے قابو ہو کر درخت کے ساتھ ٹکرانے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے ۔ پنڈی بھٹیاں میں پتن روڈ پر موٹر سائیکل کی ریڑھی کو ٹکر سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، نواحی گاؤں ساھوکے کا محمد خان آصف کے ساتھ پنڈی بھٹیاں آ رہا تھا ، چوچک سٹاپ کے قریب پہنچا تو سا منے سے آنے والی ریڑھی سے ٹکرا کر چل بسا۔