اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍92 نیوز رپورٹ) وزیرِ اعظم عمران خان کو آئی جی اسلام آباد نے اسلام آباد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ہراساں کرنے اور حبس بے جا میں رکھنے کے واقعہ پرتفتیش سے آگاہ کیا۔جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمٰن نے ملاقات کی اور ای الیون 2 میں جوڑے کو ہراساں کئے جانے اور حبسِ بے جا کے واقعہ پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔انہوں نے وزیرا عظم کو آگاہ کیا کہ ملزمان کی گرفتاری کے بعد مضبوط فوجداری کارروائی اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے وہ خود اس کیس کی نگرانی کر رہے ہیں اور مقدمے میں شواہد اکٹھے کرنے کیلئے تمام سائنٹفک وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے ۔اس کے علاوہ انہوں نے وزیراعظم کواسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی۔عمران خان نے کہا انتہائی افسوسناک واقعہ ہے ، مجرم کو سخت سزا دی جائے ، ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔علاوہ ازیں وزیر اعظم سے سینیٹر سرفراز بگٹی اور سینیٹر انوارالحق کاکڑ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی،اسکے علاوہ بلوچستان میں حکومت کے ترقیاتی پیکیج کے معیشت اور عام آدمی کی زندگی پر مثبت اثرات اور مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال پر بھی گفتگوکی گئی۔