لاہور (نامہ نگارخصوصی) شادباغ میں روٹی صحیح نہ بنانے پر بیٹی کے قتل کے الزام میں سزائے موت پانے والے ملزم کی اپیل کو منظور کر لیااور قتل کے مقدمہ میں ملوث سزائے موت کے ملزم باپ کو بری کر دیا۔ جسٹس شہرام سرور اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل بنچ نے درخواست پر فیصلہ سنایا،ملزم کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم خالد محمود نے دو ہزار پندرہ میں شادباغ کے علاقے میں بیٹی انیکا کو قتل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا،پولیس نے ملزم خالد محمود کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا تھا جبکہ ٹرائل کورٹ نے دو ہزار سولہ میں ملزم کو سزائے موت کی سزا سنائی، پولیس ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد بھی پیش نہیں کر سکی ہے ،وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ناکافی شواہد کی بنیاد پر ملزم کو بری کرنے کا حکم دے ، عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد ناکافی شواہد کی بنیاد پر ملزم کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔