لاہور(اشرف مجید )محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے روٹ پرمٹ ،فٹنس سرٹیفکیٹ نہ بنانے پر آن لائن ٹیکسی سروسز پر چلنے والی گاڑیو ں کیخلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن آج سے شروع کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا ، پنجاب بھر میں تمام کمرشل مارکیٹوں کی باہر محکمہ ٹرانسپورٹ کے اہلکار کھڑے ہو کر موبائل ایپ کے ذریعے گاڑیوں کو قابو کریں گے ۔لاہور سمیت پنجاب بھر میں آن لائن ٹیکسی سروسز پر اس وقت ہزاروں کی تعداد میں گاڑیوں کو بطور ٹیکسی استعمال کیا جا رہا ہے اس حوالے سے پہلے بھی سابق حکومت کی جانب سے کارروائی کا آغاز کیا گیا تھا لیکن شہریوں کی جانب سے بھر پور احتجاج پر کارروائی کو روک دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے دونوں نجی کمپنیوں کو حکم جاری کیا گیا ہے کہ وہ اپنے کیپٹن کو پیغام جاری کریں کہ وہ فوری طور پر گاڑی کے روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ سے رابطہ کریں اور ساتھ ہی محکمہ ایکسائز سے رجسٹریشن بک پر گاڑی کی جگہ موٹر کیب لکھوائے ۔ ذرائع کے مطابق دونوں کمپنیوں کی جانب سے حکم نامے پر عملدرآمد کیا گیا اور نہ ہی تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی جس پرآج سے پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن شروع کیا جا رہا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں کمر شل مارکیٹوں کے باہر سیکرٹری آر ٹی ایز اور موٹر وہیکل ایگزامینرز عملے کے ہمراہ کھڑے ہونگے اور دونوں کمپنیوں کی بنائی گئی ایپ سے گاڑیوں کو بلا کر قابو کریں گے اور پکڑی گئی گاڑی کو اس وقت تک نہیں چھوڑا جائے گا جب تک گاڑی کا روٹ پرمٹ ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور محکمہ ایکسائز کے دفتر جا کر رجسٹریشن بک پر موٹرکیب نہیں لکھوایا جاتا۔ اس ضمن میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے پنجاب بھر کے اضلاع کے سیکرٹری آر ٹی ایز کو بھی حکم جاری کر دیا گیا ہے ۔