اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) رواں سال کی تیسری قومی انسداد پولیو مہم میں 39 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے ، مہم میں 2 لاکھ 85 ہزار پولیو ورکرز گھر گھر جا کر پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گے ۔ گزشتہ روز وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے معاون برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔بدقسمتی سے کورونا وبا کی وجہ سے بچوں کی قوت مدافعت میں کمی آگئی ہے ۔ میں تمام والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ پولیو سے بچائو میں وہ ہمارے ساتھ اپنا کردار ادا کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہم کے دوران پولیو ورکرز کورونا کے ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے مہم چلائیں گے ۔ ماسک، ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال اور سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں گے ۔کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے کہا ہے کہ رواں برس کامیاب پولیو مہمات سے بڑے پیمانے پر بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوگا۔