اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں مجموعی قومی برآمدات میں 13.49 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ ادارہ برائے شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا اپریل 2020-21 کے دوران ملکی برآمدات کا حجم 20.881 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا اپریل 2019-20 کے دوران ملکی برآمدات کی مالیت 18.399 ارب ڈالر رہی تھی۔ رواں مالی سال کے ابتدائی دس مہینوں کے دوران مجموعی ملکی برآمدات میں 2.482 ارب ڈالر کااضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر رواں مالی سال میں ہالینڈ کو کی جانے والی ملکی برآمدات میں 7 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا مارچ2020-21 کے دوران ملکی برآمدات کا حجم 830.484 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ہالینڈ کو کی جانے والی برآمدات کا حجم 776.703 ملین ڈالر رہا تھا۔ رپورٹ کے مطابق مارچ 2020 کے مقابلہ میں مارچ 2021 کے دوران ہالینڈ کوبرآمدات کی مالیت 115.123 ملین ڈالر تک بڑھ گئی۔ مارچ 2021 کے دوران ہالینڈ کو کی گئی برآمدات میں 18 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔