لاہور(اپنے رپورٹر سے )کمشنر لاہور ڈویژن سیف انجم نے کہا ہے کہ قیمت پنجاب ایپ پر شکایات کا فوری ازالہ پرائس مجسٹریٹس کی ذمہ داری ہے ۔ جس پر غفلت برتنے پر نہ صرف پرائس مجسٹریٹس کو ڈی نوٹیفائی کیا جا رہا ہے بلکہ ان کے خلاف انکوائری بھی ہو گی۔ اس ہفتہ میں ایپ پر کل 205 شکایات اپلوڈ ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ 205 میں سے 180 کا ازالہ دو گھنٹے کے اندر اندر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں نے ایپ پر سرکاری قیمت سے زائد قیمتوں پر شکایات کیں۔ کمشنر لاہورنے کہا کہ زائد نرخوں کی شکایات پر 2 لاکھ 80 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قیمت پنجاب ایپ پر شکایات پر ایکشن لے کر 10 مقدمات درج کیے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ لاہور ڈویژن میں ضلع لاہور میں ایپ پر زیادہ شکایات اپلوڈ ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دار شہریوں کے تعاون سے قیمتوں کی بہترین مانیٹرنگ ہو رہی ہے ۔ کمشنر لاہورنے کہا کہ قیمت پنجاب ایپ شکایات پربروقت ایکشن نہ لینے والے افسران برداشت نہیں۔ دریں اثنا کمشنر لاہور ڈویژن سیف انجم نے کہا ہے کہ مرید کے میں ریلوے لائن کیساتھ پارک و گرین بیلٹ کی تکمیل شدہ ترقیاتی سکیم پر افسران پر مشتمل چار رکنی کمیٹی سات دن کے اندر جائزہ رپورٹ پیش کرے ۔کمیٹی جائزہ لے گی اور پی سی ون کی ٹرمز کے مطابق سول ورک اور دیگر کام کی تکمیل میں کوانٹٹی اور کوالٹی آف ورک کے سٹینڈرڈ کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ مریدکے کے داخلی راستے کی تزئین و آرائش کیلئے ایل ڈی اے ابتدائی طور پر ایک عمومی تخمینہ پیش کرے اور پھر اسکی تھری ڈی رپورٹ اگلے دو ہفتوں میں پیش کرے گا۔ لاہور تا مرید کے بس سہولت فراہمی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور ایل ٹی سی کیساتھ ملکر اس کا حل نکالا جائے گا تا کہ مریدکے اور لاہور کے مابین روزانہ سفر کرنے والے افراد کو سہولت فراہم کی جا سکے ۔کمشنر لاہور ڈویژن سیف انجم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں اراکین اسمبلی خرم چٹھہ، چوہدری عمر آفتاب سمیت چیف انجینئر ایل ڈی اے اور پی ایچ اے ، ہاوسنگ،ڈویلپمنٹ و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔