لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری ) معروف معالجین نے قراردیا ہے کہ ملک میں کورونا کا مرض بڑھ رہا ہے ، تاہم اس حوالے سے صورتحال10 دن میں کلیئر ہو جائیگی ۔ روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے آ ل پاکستان فیملی فزیشن کے صدر ڈاکٹر طارق میاں نے کہا کہ ابھی کرونا پاکستان میں رائزنگ فیز میں ہے اور کیسز میں اضافہ ہو گا ،ابھی اتنے مریض صحت یاب نہیں ہو رہے جتنے نئے آ رہے ہیں، اسکے بعد دو مزید فیز آ نا ہیں جن کے بعد کورونا کے نئے مریضوں کی تعداد میں کمی آ جائیگی۔ یہ بات حوصلہ افزاہے کہ باقی ممالک کی نسبت پاکستان میں کورونا کے مریض اور اموات کی شرح کم ہے ۔ اٹلی، سپین اور امریکہ میں اتنے عرصہ میں تباہی پھیل گئی۔ہمارے ملک میں موسمی انفیکشن بہت زیادہ ہیں، یہ برائی ہماری کورونا کے معاملہ میں بھلائی بن گئی جس سے ہماری قوت مدافعت بہت بہتر ہو چکی ہے اور کئی انفیکشن ہمارا مدافعتی نظام خود ہی کلیئر کر لیتا ہے ۔معروف ماہر غذائیات ڈاکٹر جویریہ محمود نے کہا کہ کورونا کے معاملہ میں احتیاط بہت لازم ہے ، وہی لوگ بچیں گے جو احتیاط کرینگے ۔ مدافعتی نظام بہتر بنانے کیلئے ہمیں وقت پر نیند لینا ہو گی، سبزیوں ، گوشت اور وٹامن سی کا استعمال کرنا چاہئے جبکہ مصنوعی مشروبات سے پرہیز کرنا چاہئے ۔ روزانہ ایک لیموں کا استعمال ہمار ا مدافعتی نظام بہتر بناسکتا ہے ۔ کورونا کا فائدہ اٹھاکر ہمیں اپنے لائف سٹائل کو ٹھیک کر لینا چاہئے ۔معروف معالج ڈاکٹر سلمان کاظمی نے کہا کہ اس وقت بہت سے کورونا مریض ایسے ہیں جن کے ٹیسٹ نہیں ہوئے اور وہ صحت مند لوگوں میں گھوم اور ان کو بھی وائرس سے متاثر کر رہے ہیں۔ مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باوجود ابھی ایسے مریض نہیں آ ئے جن کو وینٹی لیٹر کی ضرورت ہو یا پھر کسی مریض کی جان خطرہ میں ہو، یہ خوش آ ئند بات ہے ۔ مزید دس دن تک چیزیں کلیئر ہو جائینگی۔کورونا اگر ختم بھی ہو جاتا ہے تو پھر بھی 6 ماہ سے سال تک احتیاطی تدابیر پرعمل ناگزیر ہے ۔