لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں عالمی قیمتوں کے ساتھ منسلک ہیں جب عالمی قیمتیں بڑھتی ہیں تو پاکستان میں بھی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے ، ابھی آ ئی ایم ایف نے اپنا پروگرام معطل کیا ہوا ہے ، جب آ ئی ایم ایف نے اپنا پروگرام بحال کیا تو مہنگائی کا ایک نیا طوفان آ جائے گا ، ان خیالا ت کا اظہار معاشی امور کے ماہرین نے روزنامہ 92 نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، معروف معاشی ماہر ڈاکٹر سلمان شاہ نے کہا کہ سعودی عرب نے اپنی تیل کی پیداوار کو کم کیا ہو اہے جس کی وجہ سے عالمی قیمتیں اوپر چلی گئیں ہیں اور اس کا اثر پاکستان میں بھی پیٹرول کی قیمتوں پر پڑا ہے ، جب عالمی مارکیت میں تیل کی قیمت کم ہو گی تو اس کا اثر پاکستا ن میں بھی قیمتوں پر پڑے گا اور عوام کو ریلیف ملے گا انہوں نے کہا کہ جو باقی چیزوں میں قیمتیں بڑھی ہیں اگر ہم پیداوار اور سپلائی کو بہتر کر لیں تو باقی خوردو نوش کی قیمتیں بھی کنٹرول میں آ جائیں گی ۔ معروف معاشی ماہر ڈاکٹر شاہد حسن نے کہا کہ اس وقت آ ئی ایم ایف نے اپنا پروگرام معطل کیا ہوا ہے ، اس کے باوجود پاکستان میں عوام پر بوجھ پڑ رہا ہے ، جب آ ئی ایم ایف نے اپنا پروگرام بحال کیا تو عوام پر مزید بوجھ پڑے گا، آ ئی ایم ایف کو خوش کرنے کیلئے حکومت نے پیٹرول بجلی اور دوسری اشیا کی قیمتیں بڑھا دینی ہیں ، اگر ہم پیٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھاتے تو بجٹ خسارہ بڑھ سکتا ہے ، یہ مسئلہ ر ہے گا جب تک حکومت اپنے ٹیکس کلیلکشن سسٹم کو بہتر نہیں کرے گی ۔ معروف معاشی ماہر ڈاکٹر قیس اسلم نے کہا کہ عوام کو صرف احساس پروگرام کے ذریعہ سے ہی ریلیف دیا جائے گا کیونکہ یہ حکومت مافیا اور بیوروکریسی کے آ گے بے بس ہے ، حکومت صرف انوسٹرز کو ریلیف دے رہی ہے اور انوسٹرز کو ہی ریلیف دیا جائے گا عوام کو مستقبل میں بھی کسی قسم کا ریلیف نہیں ملے گا ، حکومت ٹیکس زیادہ اکھٹا کر کے آ ئی ایم ایف کو بھی خوش کرنا چاہ رہی ہے ۔