لاہور (فورم رپورٹ : رانا عظیم ، فاروق جوہری )اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اپنا علاج کروانے بیرون ملک جا رہے ہیں ان کے بیرون ملک جانے سے پارٹی کے عزم اور حوصلے میں کوئی کمی نہیں ہو گی ۔ ن لیگ کی سیاست کیا رخ اختیار کرتی ہے یہ نوازشریف کی واپس آ نے کی ٹائمنگ پر منحصر ہو گا ۔مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ ہماری پارٹی کے ساتھ ساتھ تمام سیاسی جماعتوں کا اور پاکستان کی عوام کی اکثریت کا یہی موقف ہے کہ وہ نوازشریف کو صحت مند دیکھنا چاہتے ہیں۔عدالتی فیصلہ سے ہماری پارٹی ورکرز اور عام عوام کا بھی حوصلہ بلند ہو گیا ہے ۔پیپلزپا رٹی کے رہنما چودھری منظور نے کہا کہ نوازشریف کے جانے سے ن لیگ کی سیاست کیا رخ اختیار کرتی ہے یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہو گا انہوں نے کہا کہ چونکہ نوازشریف بیماری کی بنیاد پر بیرون ملک جا رہے ہیں اس لئے پارٹی پالیسی یا پارٹی سیاست پر کوئی اثر نہیں پڑنا چاہئے ۔ جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ نوازشریف کو بیماری کے حوالے سے ان کے ذاتی معالجین ، جو بورڈز بنا یا گیا تھااور حتیٰ کہ حکومت بھی یہ کہہ چکی ہے کہ نوازشریف کی حالت سیریس ہے اور ان کو علاج کی ضرورت ہے اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کو نوازشریف کی بیماری پر سیاست نہیں کرنا چاہئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلوں پر ہر حال پر عمل ہونا چاہئے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹیوں کی سیاست یا ان کے موقف یا بیانئے میں کسی کے بھی بیرون ملک جانے یا نہ جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔