لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )وزیر اعظم عمران خان کا یہ کہنا کہ کشمیر کا حل جنگ سے نہیں مذاکرات سے چاہتے ہیں درحقیقت یو این او اور بھارت کو شرم دلانے کی کوشش ہے ،چین امریکہ لڑائی میں چین جیتنے کے قریب ہے ۔ ان خیالات کا اظہار خارجہ و عسکری امور کے ماہرین نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سابق وزیر خارجہ سردار آ صف احمد علی نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے بھارت ابھی مذاکرت کیلئے تیار نہیں لیکن بھارت پر اس وقت کافی دبائو ہے ،بھارت جو کچھ کشمیر میں اور اپنے ملک کے اندر اقلیتوں کے ساتھ کر رہا ہے دنیا اس کا نوٹس لے رہی ہے چین کے ساتھ اس کی محاذآ رائی چل رہی ہے ، وہ وقت قریب آ تا جا رہا ہے جب بھارت انہی دبائو کے تحت کشمیر پر ہمارے ساتھ بات کرے گا ، حقیقت ہے کہ چین معیشت اور ٹیکنالوجی میں امریکہ سے آ گے نکل گیا، امریکہ یہ جنگ ہار چکا ، اب امریکہ چین کے مقابلے میں بھار ت کو کھڑا کرے گا یہ بات ہمارے مفاد میں نہیں ۔جنرل (ر)محمد منشا نے کہا کہ بنیادی بات یہ ہے کہ عالمی فورمز پر کبھی لیڈر شپ جنگ کی بات نہیں کرتی ،ہم بھارت پر دبائو ڈال کر بھارت کو مجبور کر سکتے ہیں کہ وہ کشمیر کے حوالے سے مذاکرات کی میز پر آ ئے ، بھارت کبھی اپنی خوشی کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گا وہ جب بھی کرے گا اپنے اندرونی مسائل اور بیرونی دبائو کی وجہ سے کرے گا ۔ معروف تجزیہ کار عبد اﷲ گل نے کہا کہ وزیر اعظم نے امن کا پیغام ایک مرتبہ پھر بھارت اور دنیا کو دیا ، وزیر اعظم پاکستان نے یہ بات خطے کے امن کیلئے کی، اس کا خیر مقدم کرنا چاہئے ، وزیر اعظم نے یہ بات وہاں کی جہاں بھارتی اثر و رسوخ خاصا ہے ۔