لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا جنرل اسمبلی سے خطاب متاثر کن تھا لیکن دنیا انصاف کو نہیں بلکہ اپنے مفادات کو دیکھتی ہے ۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ہندوستان کے عزائم سے پوری دنیا کو آ گاہ کر دیا ہے ۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی سے بھارت اور کشمیر کے ایشو پر ٹھوس موقف پچھلے پندرہ سال سے غائب تھا موجودہ حکومت نے بھرپور طریقہ سے اس ایشو کا ہائی لائٹ کیا ہے ۔ان خیالا ت کا اظہار خارجہ و عسکری امور اور کشمیری رہنما نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سابق وزیر خارجہ سردار آ صف احمد علی نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا جنرل اسمبلی سے خطاب متاثر کن تھا اس میں سارے ایشوز کو ڈسکس کیا گیا اور اس کی نشاندہی کی گئی منی لانڈرنگ سے لیکر اسلامی فوبیا اور مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کو بھی بھرپور طریقہ سے ڈسکس کیا گیا انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دنیا کو خبردار کیا ہے کہ جس راستے پر ہندوستان چل رہا ہے وہ خطرناک ہے ۔انہوں نے کہاکہ اب دنیا بھی آ ہستہ آ ہستہ سمجھ رہی ہے کہ بھارت کی کوئی بڑی معشیت نہیں ہے بلکہ وہاں اب حالات خراب ہوتے جار ہے ہیں۔دنیا کے ذہن میں یہ بات آ نا شروع ہو گئی ہے کہ بھارتی حکومت بھارت کو صرف ہندوستان کیلئے بنانا چاہتی ہے باقی اقلیتوں کو دبانا چاہتی ہے ۔سابق وزیر اعظم آ زاد جموں و کشمیر سردار عتیق نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے دوسری مرتبہ مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقہ سے اٹھا یا ہے اورر کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی کی ہے ۔ جنرل (ر)محمد منشا نے کہا کہ وزیر اعظم وزیر اعظم عمران خان نے کوئی بھی لگی لپٹی لگائے بغیر عالمی برادری کو بھارت کے عزائم سے خبردار کیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی سے یہ عنصر پچھلے پندرہ سال سے غائب تھا اب مو جودہ حکومت نے بھارت اور کشمیر کے ایشو کو لیکر ایک سخت اور ٹھو س موقف کو اپنایاہے ۔