لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری ) سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے قراردیا ہے کہ مختلف جے آ ئی ٹی رپورٹس کے معاملہ پر الزامات کی سیاست ہورہی ہے ۔ روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق نے کہا کہ جوں جوں وقت گزرتا جا رہا ہے حکومت کیلئے زمین تنگ ہو تی جا رہی ہے ۔ تحریک انصاف کی حکومت کسی سے مصالحت یا خوش خلاقی سے بات کرنے کیلئے تیار ہی نہیں ، یہ لوگ اب بھی کنٹینر کی سیاست کر رہے ہیں، ان کا لیول ہی ایسا بن چکا اور زبان خراب ہو چکی ہے ۔ ایوان وزیر اعظم کو انہوں نے کنٹینر ہی سمجھ لیا ہے ۔ حکومت کو اپنے رویہ کو درست کرنے کی ضرورت ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ ایسا کہنا کہ وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان کوئی لڑائی چل رہی ہے ایسا کچھ نہیں ۔جے آ ئی ٹی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عزیر بلوچ جو کہ ڈیڑھ سو سے زائد لوگوں کا قاتل ہے اسکی ڈوریں کس کے ہاتھ میں تھیں، پیپلزپارٹی اسکی سرپرستی کرتی تھی اور کراچی کا امن تباہ کرنے میں پیپلزپا رٹی کا ہاتھ ہے ، اب اگر جے آ ئی ٹی نے پیپلزپا رٹی کو آ ئینہ دکھایا ہے تو یہ بلبلا رہے ہیں، اس پر واویلا مچانا اور وفاقی حکومت پر تنقید کرنا سمجھ سے بالا تر ہے ۔ پیپلزپا رٹی کے رہنما چودھری منظور نے کہا کہ وفاق اور سندھ حکومت میں کوئی تنائو نہیں لیکن اگر کسی پر الزام لگایا جائے اور وہ اسمبلی کا ممبر ہو تو اس پر تحریک استحقاق لائی جا سکتی ہے ۔ وفاقی حکومت جھوٹ بولتی ہے اور الزامات کی سیاست کر رہی ہے ۔ جے آ ئی ٹی اس کو ملزم کہہ رہی ہے جو کہ الزام سے انکاری ہے اور ذوالفقار مرزا جس نے تمام الزامات مانے تھے اب چونکہ وہ حکومت کا اتحادی ہے اسلئے اس کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ، یہ دوہرا معیار ہے اور اس پر اگر کوئی بات کرے تو وہ بھی غلط ہو جاتا ہے ۔