لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )ملک کے معروف معالجین نے قراردیا ہے کہ کورونا دو تین سال تک رہے گا ،اس کافوری طور پر خاتمہ ہوتا ہوانظر نہیں آ رہا ،تاہم ایس او پیز پر عمل کر کے اس مہلک وبا کے پھیلائو اور نقصانات کوکم کیا جا سکتا ہے ۔روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے معروف معالج اور یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں کورونا مریضوں اضافہ ہوا اسکی وجہ یہ ہے کہ لوگ ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہے ، سب احتیاطی تدابیر کو چھوڑ دیا ۔ ایس او پیز پر عمل کرانے کیلئے سختی کرنے اورعوام کیلئے آ گاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے ۔ معروف معالج پروفیسر ڈاکٹر اشرف ضیا نے کہا کہ عوام اس وقت ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہے اور کورونا کو بہت آ سان لے رہے ہیں۔ فی الحال کورونا مریضوں میں اضافہ ہو رہا ، اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ سکول اور شادی ہالز بھی کھل چکے ہیں۔ شادیوں میں لوگ کسی قسم کے ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہے ۔ جو کوئی بھی شادی یا پھر کوئی میٹنگ میں شرکت کر کے آ تا ہے کورونا کا شکار ہو رہا ہے ۔ عوام کو غیر ضروری طور پر اجتماعات میں شرکت سے گریز کرنا چاہئے ۔ صد ر آ ل پاکستان فیملی فزیشن ڈاکٹر طارق میاں نے کہا کہ عوام کورونا کو لیکر بہت غیر سنجیدہ ہو چکے ہیں اور کسی قسم کے ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہے جبکہ لوگوں کو اس وبا کو سنجیدگی سے لینا ہو گا۔ کورونا یا کسی بھی دوسرے وائرس سے بچائو کا یہی حل ہوتاہے کہ یا تو انفیکٹ ہو کر امیون ہو جائیں یا پھر ویکسی نیشن کرا لی جائے ، ایس او پیز پر عمل سے کورونا سے بچائو بہت حد تک ممکن ہے ۔