کیف،انقرہ (نیوزایجنسیاں ،نیٹ نیوز) روس نے یوکرین کی متعدد عسکری تنصیبات پر سکندر بیلسٹک میزائل داغ د ئیے جس سے یوکرین کے تین ائیر ڈیفنس سسٹم تباہ ہوگئے جبکہ یوکرائین نے بھی جوابی وار کیا جس سے 4روسی اہلکارزخمی زخمی ہو گئے ۔روسی وزارت دفاع کے مطابق دو مختلف مقامات پر روسی فوج نے سکندر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا، حملے میں یوکرین کے ایمونیشن ذخائر تباہ ہوگئے ،حملے میں تین ائیر ڈیفنس سسٹم، تین ملٹی بیرل راکٹ لانچرز، 2 ہاؤٹزر گنز اور 49 بکتر بند گاڑیاں اور ٹینک تباہ ہوگئے ،روسی فوج نے کیف کا محاصرہ نرم کر کے فوج کو مشرقی محاذ پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ، سرحدی علاقے سے داغے گئے یوکرین کی فوج کے میزائل روس میں گرے ،ان میں سے ایک روسی شہر بلگورود کے فوجی اڈے میں گرا جس سے وہاں کا اسلحہ ڈپو تباہ ہوگیا ، یوکرینی فوج نے روسی فوج کے جانی اور مالی نقصان کا دعویٰ کیا ہے ۔ استنبول میں یوکرینی وفد کیساتھ مذاکرات کے بعد روسی وفد نے اپنے جاری بیان میں کہا ممکنہ جنگ بندی کے لیے ہونے والی بات چیت تعمیری رہی۔ یوکرین کی نائب وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ یوکرین کے ناکارہ چرنوبل نیوکلیئر پاور سٹیشن میں گولہ بارود کے پھٹنے کا خطرہ ہے ۔ پینٹاگون کے پریس سیکرٹری جان کربی نے پریس کانفرنس میں یوکرین میں فوجی آپریشن کو کم کرنے کے روسی دعوے پر رد عمل دیتے ہوئے کہاہے کہ کیف کے گرد روسی نقل و حرکت پسپائی نہیں کہلائی جاسکتی ۔ پینٹا گون نے اعلان کیا کہ امریکی فوج 10 ایف 18طیارے اور 200 سے زائد فوجی لیتھوانیا میں تعینات کر رہی ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے الجزائر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس کے یوکرین پر حملے کے عرب خطے پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔چینی وزیر خا رجہ وانگ ژی نے سوئس کنفیڈریشن کے صدر اور وزیر خارجہ اگنازیو کاسیس کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کی،چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ چین ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو امن کے لئے قائل کرنے سے ہی ہم سفارتی ثالثی اور تنازعات کا حل کر سکتے ہیں، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق یورپی ممالک میں بطور مہاجر پناہ لینے والے یوکرینی شہریوں کی تعداد اب40لاکھ سے بھی زیادہ ہو گئی ہے ۔سلواکیہ نے بھی 35روسی سفارتی اہلکاروں کو ملک سے بیدخل کرنیکا اعلان کیا ہے ۔