ماسکو( ویب ڈیسک) روس میں شادی کے پروپوزل کا ایک انوکھا طریقہ کافی مقبول ہو رہا ہے ۔ جس میں منہ پر نقاب لگائے مسلح افراد کسی خاتون کی گاڑی میں سے منشیات برآمد کرتے ہیں اور جب خاتون کی حالت غیر ہونے لگتی تو کوئی شخص اسے شادی کا پروپوزل دے دیتا ہے ۔ ایسے پروپوزل میں مسلح افراد سیاہ وین میں سوار ہو کر آتے ہیں، ڈرائیورنگ میں مگن خاتون کی گاڑی روکتے ہیں، اسے بے دردی سے گاڑی سے گھسیٹ کر باہر نکالتے ہیں اس کے بعد گاڑی کی تلاشی لیتے ہیں اور گاڑی سے سفید پاؤڈر جو منشیات کی طرح دکھائی دیتا ہے ، برآمد کر لیتے ہیں۔ ان حالات میں جب خاتون کی حالت کافی خراب ہوتی ہے تو ایک شخص اپنے گھٹنوں پر بیٹھتا ہے ، اپنا نقاب اتارتا ہے اور خاتون کو کہتا ہے کہ مجھ سے شادی کرو گی؟ پچھلے چند سالوں سے روس میں اس طرح کے خطرناک شادی کے پروپوزل کافی زیادہ بڑھ گئے ہیں۔ روس میں اس طرح کے پروپوزل کا انعقاد کرنے کے لیے کم از کم چار ایجنسیاں کام کر رہی ہیں۔ ان ایجنسیوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سابق اہلکار اور سابق فوجیوں کو رکھا جاتا ہے ۔ یہ لوگ اس طرح کے حقیقی ڈرامے کرنے کے ماہر ہوتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ ایجنسیاں شادی کے دوران دلہن کو اغوا کرنے کا ڈراما کر سکتی ہیں یا کاروباری تقریب میں کسی سی ای او کو اغوا کر سکتی ہیں یا مہمانوں کو حیران کر نے کے لیے شادی کی تقریب میں حملہ کر سکتی ہیں۔ شادی کے پروپوزلز میں مسلح افراد کا منشیات کی تلاشی کا مذاق روس میں سب سے زیادہ مقبول ہے ۔