کراکس (اے ایف پی ) روس کا ایک کارگو طیارہ وینزویلا پہنچ گیا۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق روس کے وینزویلا میں فوج بھیجے جانے کی اطلاعات کے دوران وینزویلا میں ایک کارگو جہاز دیکھا گیا جس پر روس کا پرچم لہرا رہا تھا۔کراکس کے باہر ایک ائرپورٹ پر وینزویلا کے نیشنل گارڈزنے طیارے کو گھیر رکھا تھا۔ ہفتہ کے روز ایک فری لانس صحافی نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر اس ائیرپورٹ پر دو روسی طیاروں کی آمد کی اطلاع دی تھی۔ صحافی نے یتایا کہ روسی فوج کے موبلائزیشن ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ جنرل وسیلے تونکوشکروف کی قیادت میں 100کے قریب روسی فوجی اور 35ٹن کے قریب سامان ائرپورٹ پر اتارا گیا۔ وینزویلا کے حکام اور کراکس میں روسی سفارتخانے نے مقامی میڈیا میں زیرگردش اے ایف پی کی اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ روس اور چین وینزویلا کے اتحادی ہیں اور صدر نکولس مدرو کی امریکہ مخالف حکومت کو بچانے کیلئے دونوں نے اربوں ڈالرخرچ کئے ہیں۔