اسلام آباد(انٹرویو:اظہر جتوئی)ماسکو میں پاکستان اور روس کے درمیان انٹرا ٹریڈ میں اضافے کیلئے کام کرنیوالی ایسوسی ایشن آف پروموشن آف کوآپریشن کے صدر جواد رحمٰن سکھیرا نے کہا ہے کہ پاک روس تجارت میں اضافہ کیلئے روس سے یورپی یونین طرز کی طرح جی ایس پی پلس مراعات لی جائیں تو پاکستان کی روس کو برآمدات 10 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔ روزنامہ 92 نیوز کو خصوصی انٹرویو میں جواد رحمن سکھیرا نے کہا کہ پاکستان کی روس کیلئے برآمدات بڑھانے کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں، ابتک روس کے ساتھ باقاعدہ تجارت شروع نہیں ہو سکی ، اس کے باوجود پاکستان کی روس کو 80 کروڑ ڈالر کی برآمدات ہیں، پاک روس تجارت میں اضافہ کیلئے سنگل کنٹری نمائش کے اہتمام کیلئے کوشش کر رہے ہیں، اگلے سال روس میں ستمبر میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کا اہتمام کر رہے ہیں جبکہ روس کی پاکستان میں سنگل کنٹری نمائش بھی اگلے سال ہوگی،انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے روس کے ساتھ تنازعات حل کرکے تجارت کی نئی راہیں کھول دی ہیں،اب دونوں ممالک کے درمیان درآمد و برآمد میں اضافہ ہوگا،پاکستان کو روس کی مارکیٹ میں کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھانے چاہئیں،اس سلسلے میں پاکستان کو روس سے فوری طور یورپی یونین کی طرز پر جی ایس پی پلس کا درجہ حاصل کرنا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ روس کی بزنس کمیونٹی پاکستان میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور اس مقصد کیلئے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری کے شعبے میں مضبوط تعاون قائم کرنا چاہتی ہے ۔ اس سلسلے میں پاکستان کے 5 بڑے چیمبر ز میں آگہی سیمینار ز کا انعقاد کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ روس کے سرمایہ کار ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں دلچسپی کے شعبوں میں جوائنٹ وینچرز قائم کرنے پر توجہ دیں۔