واشنگٹن(نیٹ نیوز،صباح نیوز،این این آئی)امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ روس نے یوکرین پر حملہ کیاتو اس کو بھاری قیمت چکانی پڑیگی، لگتا ہے پوٹن حملہ کرینگے مگر وہ بڑی تباہ کن جنگ نہیں چاہتے ، یہ جنگ بے قابو ہوسکتی ہے اورجوہری تصادم کے بھی خدشات ہیں،حملے کی صورت میں ا یسی پابندیاں عائد کرینگے جو پہلے کبھی کسی نے نہیں دیکھی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہورہی لیکن یہ ہار ماننے کا وقت نہیں، حوثیوں کو دوبارہ بین الاقوامی دہشتگرد تنظیم قرار دینے پر غور کررہے ہیں۔جوبائیڈن نے پریس کانفرنس کے دوران افغانستان سے عجلت میں کئے گئے انخلا پر معافی مانگنے سے بھی انکار کیا۔دریں اثناامریکہ نے روس کے ساتھ ساز باز کے الزام میں یوکرین کے موجودہ اور 4 سابق اہلکاروں پر پابندیاں لگادیں۔امریکہ نے بھارت پر یوکرین سے متعلق موقف کی حمایت کیلئے دبائو ڈالا۔