لاہور (اپنے رپورٹر سے )کمشنر لاہور و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی کیپٹن (ر)محمد عثمان نے لاہور کی 23 بڑی شاہراہوں اور 268 ذیلی سڑکوں پر سٹریٹ لائٹس کا جائزہ لینے کے بعد سٹریٹ لائٹس پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی بنانے کافیصلہ کیا ہے ۔کمشنر لاہور نے کہا کہ جوائنٹ کمیٹی ایک ہفتے میں مفصل رپورٹ دیگی کیونکہ شہر میں لائٹس سو فیصد روشن کرنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہے ۔ کمشنر نے کہا کہ جوائنٹ کمیٹی میں ایل ڈی اے اور ایم سی ایل کے سینئر افسران شامل ہونگے ۔ کمیٹی سٹریٹ لائٹس خراب ہونے کی ذمہ داری اورذمہ دار کا تعین کرے ۔جوابدہی کرینگے ۔ کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 23بڑی شاہراہوں پر 91 فیصد سٹریٹ لائٹس روشن ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ سٹریٹ لائٹس کے آن اور آف کے اوقات کی پابندی ہونی چاہئے ۔بجلی کی بچت ضروری ہے ۔ جس زون میں دن کی روشنی میں سٹریٹ لائٹس روشن پائی گئیں,متعلقہ افسر ذمہ دار ہوگا۔ کمشنر نے کہا کہ چوبیس گھنٹوں میں 23 بڑی شاہراہوں پر سو فیصد لائٹس روشن چاہئیں۔ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی زیر صدارت ٹاؤن ہال میں اجلاس میں روشن لاہور کے تحت اہم فیصلے کیے گئے ۔دریں اثناء کمشنر کیپٹن (ر)محمد عثمان نے کہا ہے کہ قیدیوں کو جیلوں میں کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔ کمشنر نے جیل میں ویکسین سنٹر 48 گھنٹوں میں فعال کرنے کا حکم دے دیا۔ لاہور جیل میں 60 سے 100سال تک کے پچاس، 50 سے 59 کے 202، 40 سے 49 سال کے 435 قیدیوں جبکہ 30 سے 39 کے 848 اور 29 سال تک کے 1509 قیدیوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ کورونا سے متاثرہ قیدیوں کیلئے جیل میں پہلے ہی آئسولیشن وارڈ قائم کیاجا چکاہے ۔