اسلام آباد ( وقائع نگار، سپیشل رپورٹر ) بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرو ل لائن پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی اور ایک 15 سالہ نوجوان شہید اور 5 شہری زخمی ہو گئے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے سیکٹر بروہ اور تانڈر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے سپاہی شفیق بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے ، بھارتی فوج کی شہری آبادی پر فائرنگ سے بروہ گاؤں کا 15 سال کا لڑکا شہید اور 4 افراد زخمی ہوگئے ، تانڈر سیکٹر پر فائرنگ سے 80 سال کی خاتون زخمی ہوئیں، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ پاک فوج نے جوابی کارروائی میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بھارتی مورچوں میں جانی اور مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر کی سنگین خلاف ورزیوں پر پاکستان نے اسلام آباد میں تعینات بھارتی ہائی کمیشن کے ناظم الامور گورو اہلوالیا کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا، ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چودھری کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان نے بھارت سے اشتعال انگیزیوں پر شدید احتجاج کیا اوراحتجاجی مراسلہ ناظم الامور کے حوالے کیا، ترجمان کے مطابق بھارتی فورسز نے 28 ستمبر کو ایل او سی کے بروہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی ،ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کے مطابق رواں برس بھارت نے اب تک فائر بندی انتظام کی 2387 مرتبہ خلاف ورزیاں کیں،رواں برس بھارتی اشتعال انگیزیوں میں 19 معصوم شہری شہید اور 191 شدید زخمی ہو گئے ہیں، بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت ہے ۔ بھارتی فورسز مسلسل لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں، بھارت کی پے در پے اشتعال انگیزیاں خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، بھارت ان حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر کام کرنے دیا جائے ۔