اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی)ایف بی آر نے ہاٹ رول کوائلز سٹیل کی درآمد سے قومی خزانے کو سالانہ 40ارب روپے نقصان پہنچانے کے سکینڈل کی ابتدائی انکوائری کے بعد چار کمپنیوں کو نوٹس جاری کردئیے ہیں۔کراچی کی سٹیل ملز نے ہزاروں ٹن ہاٹ رول کوائلز سٹیل درآمد کرکے خلاف قانون فروخت کی۔ کراچی کی دو نجی سٹیل ملز ایس آر او 565(I)2006کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہاٹ رول کوائلز فروخت کرنے میں ملوث پائی گئیں۔ ایف بی آر نے یکم جولائی 2018سے جون 2020تک فلیٹ سٹیل کی خریداری کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے ۔فلیٹ سٹیل کا پراسس اورمصنوعات تیار کرنے ،ٹیکس انوائسز، سیلز ٹیکس اور مصنوعات فروخت کرنے کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے ۔ تیار مصنوعات خریدنے والے تاجروں کے شناختی کارڈ کی کاپیاں بھی رپورٹ کیساتھ یکم جولائی تک جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ روزنامہ 92نیوز نے 23جون کو ابتدائی انکوائری رپورٹ میں دوسٹیل ملز کے خلاف قانون اقدام کی خبر بریک کی تھی۔92نیوز کوموصول دستاویز اور نوٹسز کی کاپی کے مطابق ایف بی آر کے سپیشل آڈٹ میں مخصوص سٹیل ملز کی جانب سے رعایتی ایس آر اوکی آڑ میں ہاٹ رول کوائلز سٹیل درآمد کرکے پائپ بنانے والی فیکٹریوں کو خلاف قانون فروخت اور قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچایا گیا۔کراچی کی ایک نجی سٹیل ملز نے جولائی2018سے مارچ2019کے دوران سالانہ مختص شدہ 5لاکھ58ہزار207میٹر ک ٹن کوٹے میں سے 86ہزار میٹرک ٹن جبکہ دوسری سٹیل ملز کی جانب سے پائپ بنانے والے کارخانوں کو اپنے سالانہ مختص شدہ 2لاکھ69ہزار ٹن میٹرک ٹن کوٹے سے 8ہزار131میڑک ٹن ہاٹ رول کوائلز سپلائی کی گئی۔ نجی سٹیل ملز کی جانب سے ایس آر او کے غلط استعمال کے باعث قومی خزانے کو 40ارب روپے سے زائد نقصان پہنچ چکا ہے ۔