مکرمی! چین کے ہاتھوں بھارت کو ایک بار پھر یوں خفت اٹھانا پڑ ی ہے کہ چین نے اروناچل پردیش میں گاؤں تعمیر کر لیا ہے۔اس سلسلے میں بھارتی میڈیا کا کہنا ہے بیجنگ نے بھارت کے زیر قبضہ علاقے کے ساڑھے چار کلومیٹر اندر ایک نیا دیہات آباد کیا ہے۔ اس سے قبل بھی چین کی جانب سے لداخ میں بھارت سے متنازعہ علاقہ چھین چکا ہے، جہاں اب وہ 600 مربع میل اضافی علاقے پر قابض ہے اور چینیوں نے لداخ میں مئی سے قبل کی صورتحال کو بحال کرنے سے انکار کردیا ہے۔ یاد رہے کہ بھارت نے ماضی میں ایک عرصے اس متنازعہ علاقے پر قبضہ جمائے رکھا تھا۔ چین نے اس علاقے میں نہ صرف سڑکیں بھی تعمیر کر لیں ہیں، بلکہ متعدد فوجی چیک پوسٹ بھی قائم کی ہیں۔اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر بھی بھارتی میڈیا کی طرف سے جاری کی گئی ہیں۔ جس میں دکھایا گیا ہے کہ چینی فوج نے اورناچل پردیش کے ایک حصے پر قبضہ کر لیا ہے۔اگر یہی صورتحال رہی تو لداخ کے بعد دیگر علاقے بھی بہت جلد دوبارہ چین کا حصہ بن جائیں گے۔ بھارت کو لداخ کے محاذ پر جوشکست ہوئی ہے، اس بارے میں بھی بھارتی فوج پر چینی افواج کے خوف کے سائے تاحال باقی تھے، کہ اب ارونا چل پردیش کے کچھ حصے پر چینی فوج کے قبضے کی خبر نے بھارتیوں کے رہے سہے اوسان بھی خطا کر دیئے ہیں۔ (شہزاد احمد، ملتان)