اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ حکومتی اراکین متعلقہ وزارتوں سے مشاورت کیے بغیر تجاویز دے رہے ہیں، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی ری سٹرکچرنگ مکمل کر لی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف اوشینو گرافی اور سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی ترمیمی بل زیر غور آیا۔ اجلاس میں ترمیمی بل پیش کرنے والے ارکان کی عدم موجودگی پر کمیٹی نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ فخر امام اور ریاض فتیانہ نے رولز میں 300 سے زائد ترامیم تجویز کی ہیں، حکومتی اراکین نے متعلقہ وزارتوں سے مشاورت نہیں کی۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں وزارتوں کے رولز کیسے بن سکتے ہیں، پارلیمنٹ کا کام قانون سازی ہے رولز بنانا پارلیمنٹ کا کام نہیں، رولز بنانا متعلقہ وزارت کا کام ہوتا ہے ۔