اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انٹرنیٹ سے محروم علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیٹ تک رسائی کو بہتر بنایا جائے تاکہ طلبا بلا تعطل گھروں میں حصول علم جاری رکھ سکیں۔گزشتہ روزصدر مملکت کی زیر صدارت ایوان صدر میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں کوروناوباء کے تناظر میں بینڈ وتھ کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر مملکت کو انٹرنیٹ صارفین بالخصوص طلبا کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ صدر مملکت کو مطلع کیا گیا کہ موجودہ انٹرنیٹ انفراسٹرکچر پر دباؤ کی وجہ موجودہ صورتحال میں کورونا کے باعث طلبا کا گھروں میں تعلیم کا حصول اور عوام کا گھر میں بیٹھ کر کام کرنا ہے ۔اجلاس سے خطاب میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لوگ گھروں سے کام کر رہے ہیں اور طلبا آن لائن تعلیم حاصل کر رہے ہیں جسکی وجہ سے انٹرنیٹ پر بوجھ بڑھ گیا اور طلباء کو آن لائن تعلیم حاصل کرنے میں مسائل کا سامناہے ،انٹرنیٹ تک رسائی کوبہتربنایاجائے ۔