بخارسٹ(نیٹ نیوز)رومانیہ کی وزیر اعظم ویوریسا ڈانسیلا نے اسرائیل میں اپنا سفارتخانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان کردیا۔ رومانیہ کی خاتون وزیر اعظم ویوریسا ڈانسیلا نے واشنگٹن میں امریکی اسرائیلی عوامی امور کی کمیٹی کے ایک اجلاس کے دوران سفارتخانہ کی منتقلی کا اعلان کیا ان کا کہنا تھا کہ رومانیہ یہودی قوم اور اسرائیلی ریاست کے ساتھ یورپ کی سب سے بلند آواز بن کر ایک دوست کے طور پر اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ امریکہ میں ان دنوں امریکی اسرائیلی پبلک افیئرز کمیٹی کا تین روزہ اجلاس جاری ہے ، جس میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو بھی شرکت کریں گے ۔