اسلام آباد (این این آئی)نیول چیف ایڈمرل ظفر محمودنے رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس سٹاف اور کمانڈر رومانین نیوی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے رومانیہ کا سرکاری دورہ کیا،اس دور ان نیول چیف نے رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس سٹاف اور کمانڈر رومانین نیوی سے الگ الگ خصوصی ملاقاتیں کیں ۔ ترجمان کیمطابق نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر کمانڈر رومانین نیوی نے سربراہ پاک بحریہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ امیرالبحر کو چاک و چوبند دستے نے روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے خطے میں سمندری تحفظ اور امن کو یقینی بنانے کیلئے پاک بحریہ کے عزم کواجاگر کیا۔ ترجمان پاک بحریہ نے بتایاکہ بعد ازاں نیول چیف نے ڈیمن شپ یارڈ کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی۔ امیرالبحر کو ڈیمن شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لیے جاری منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ملکوں بالخصوص بحری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔