کراچی (بزنس رپورٹر،این این آئی،صباح نیوز،آ ن لائن) روپیہ رل گیا،ڈالر ملکی تاریخ کی ریکارڈ بلند ترین سطح 157.5 روپے پر پہنچ گیا،ماہ جون میں ملکی قرضوں میں 800ارب کااضاضفہ ہوگیا جبکہ سونا بھی 2700 روپے فی تولہ مہنگا ہوگیا ۔ روپے کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور ڈالر ایک بار پھر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے ۔ دن کے آغاز پر فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 1.30 روپے اضافہ سے 154.20 روپے جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک روپے اضافے کے بعد 154.50 پیسے پر پہنچ گئی تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد ڈالر کی قیمت157.5 روپے تک جاپہنچی۔ ڈالر کی قیمت خرید 156روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی ،انٹر بینک میں بھی روپیہ دباؤ کا شکار رہا اور ڈالر کی قدر 1.84پیسے اضافے سے 154روپے سے بڑھکر155روپے 84پیسے کی سطح پر جاپہنچی ۔فاریکس ذرائع کا کہنا ہے کہ عید الفطر کی تعطیلات کے بعد سے در آمد کنندگان کی جانب سے ڈالر کی خریداری کا زبردست دباؤ ہے اور اسی وجہ سے ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کا رجحان ہے ،مرکزی بینک کی جانب سے بھی آئی ایم ایف کے دباؤ کے باعث فی الحال مارکیٹ میں کسی قسم کی دخل اندازی بھی دکھائی نہیں دے رہی۔اوپن مارکیٹ میں 13 روز میں ڈالر کی قیمت 7 روپے بڑھ گئی جب کہ رواں ماہ انٹربینک میں ڈالر 8 روپے 8 پیسے مہنگا ہوا، روپے کی قدر کم ہونے سے جون کے مہینے میں قرضوں کی مالیت میں 800 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 10 روپے سے زائد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔دریں اثنا ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2700 روپے اضافہ ہونے سے سونا 75900 فی تولہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ صرا فہ مارکیٹ کے مطابق ملک بھر میں سونے کی قیمت میں 2700 روپے فی تولہ اضافہ ہوا ہے ۔ 10 گرام سونے کی قیمت 6072 روپے اضافے کے بعد 60720 روپے ہوگئی ہے سونے کی قیمت میں حالیہ اضافہ کے بعد سونا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے ۔