راولپنڈی،لاہور( رپورٹر92نیوز،کرائم رپورٹر) پیرودھائی کے علاقہ میں ایک رکشہ میںبم دھماکے کے نتیجے میںایک شخص جاں بحق جبکہ7 افراد زخمی ہو گئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔عینی شاہدین کے مطابق جنرل بس سٹینڈ کے قریب ایک کریانہ سٹور کے باہر موٹرسائیکل رکشہ کھڑا تھا کہ اچانک زوردار دھماکہ ہو گیا، ریسکیو1122کے عملہ نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔جاں بحق شخص کی شناخت محمد افضل خان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں ابراہیم، علائوالدین، ظفیر، بلال، عبدالرحمن، قاسم اور عبدالمنان شامل ہیں۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰافسران، بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے جبکہ آرپی او راولپنڈی عمران احمر نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا ۔ سی پی او محمد احسن یونس کا کہنا تھا واقعہ کی نوعیت معلوم کی جا رہی ہے ، دہشت گردی کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا،تحقیقات کے بعد حتمی رائے دی جا سکے گی۔آرپی او عمران احمراور سی پی او راولپنڈی محمدا حسن یونس نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی ہسپتال میں عیادت کی ۔دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔سی ٹی ڈی نے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار کی جس کے مطابق یہ دھماکہ آئی ای ڈی کے ذریعے آدھا کلو بارودی مواد استعمال کرتے ہوئے کیا گیا۔ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ بارودی مواد کے ساتھ ایک کلو بال بیئرنگ بھی شامل تھے ۔ سی ٹی ڈی نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے اور ملزمان کی گرفتار ی کیلئے کارروائی شروع کر دی۔ آئی ای ڈی بم رکشے کے باہر رکھا گیا تھا اور رکشے نے باہر کی جانب سے آگ پکڑی جبکہ وہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ سی ٹی ڈی نے ابتدائی رپورٹ تیار کر کے اعلیٰ حکام اور آئی جی پنجاب پو لیس کوبھیج دی ۔