اسلام آباد(خبر نگار)سپریم کورٹ نے امریکی شہری سنتھیا رچی کے الزامات کے حوالے سے کیس میں اے رحمن ملک کی جانب سے دا ئر درخواست پر پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں ۔ گزشتہ روز جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔رحمن ملک کے وکیل سردارلطیف کھوسہ نے پیش ہوکر موقف اپنایا اگر اس طرح محض الزامات پر ایف آئی آر درج کر دی جائے تو کسی کی عزت محفوظ نہیں رہے گی۔انھوں نے استدعا کی کہ ہائیکورٹ کی جانب سے معاملے کی تفتیش کے بعد ایف آئی آر درج کرنے یا نہ کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے ۔ جسٹس قاضی امین نے کہا کہ ایک خاتون کسی پر الزامات لگائے خواہ وہ غلط ہی کیوں نہ ہوں تو اسے کس قانون کے تحت روکا جا سکتا ہے ۔عدالت نے سماعت بدھ تک ملتوی کر دی۔