اسلام آباد؍مالاکنڈ ( خبر نگار خصوصی؍ 92نیوز رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے اپنے منحرف ارکان قومی اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جانے والے واپس آجائیں، انہیں معاف کردوں گا۔گزشتہ روز مالاکنڈ کی تحصیل درگئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ضمیروں کا سودا ہورہا ہے اور اسے جمہوریت کا نام دیا جارہا ہے ۔عمران خان نے کہا تحریک انصاف کے منحرف ارکان سے کہتا ہوں میرے جو ایم این ایز غلطی کربیٹھے ہیں، پارٹی کا سربراہ ایک باپ کی طرح ہوتا ہے ، واپس آجائیں میں معاف کرتا ہوں، سب جانتے ہیں آپ اگر پارٹی کو چھوڑیں گے تو پیسے کے لئے چھوڑیں گے ، ضمیر فروش ہمیشہ کے لئے آپ کے نام کے ساتھ لگ جائے گا۔وزیر اعظم نے کہا یہ ہمارے ملک کی عدلیہ بھی دیکھ رہی ہے ، الیکشن کمیشن بھی دیکھ رہا ہے ، ہمارے ملک کے نوجوان بھی دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا امربالمعروف کا مطلب ہے اللہ نے حکم دیا ہے اچھائی کے ساتھ اور برائی کے خلاف کھڑے ہو، اللہ نے یہ نہیں کہا کہ آپ نیوٹرل رہو۔وزیراعظم نے کہا ان لوگوں کو شرم آنی چاہئے ، یہ ملک کے ساتھ وہ کرنے جارہے ہیں جو دشمن بھی نہیں کرتا۔انہوں نے کہا میں اللہ کو جواب دہ ہوں، حکومت کا پیسہ عوام کا ہی پیسہ ہوتا ہے ، اگر میں نے قوم کے پیسے سے انہیں خریدنا ہے تو اس سے بہتر ہے کہ میری حکومت چلی جائے ، اگر ضمیر کا سودا کرکے اپنی حکومت بچانی ہے تو میں ایسی حکومت پر لعنت بھیجتا ہوں۔انہوں نے کہا ان تینوں غلاموں نے بڑی سازش کرکے ، پیسہ اکٹھا کرکے ، باہر کے لوگوں کے جوتے پالش کرکے کہا کسی طرح بھی عمران خان کو گھر بھیج دیں، انہوں نے بڑا زور لگا کر یہ سازش کی، کامیابی تو اللہ دیتا ہے لیکن دل کہتا ہے تینوں غلاموں !یہ میچ تم بڑی بری طرح ہارنے لگے ہو۔انہوں نے کہا ٹائی کوٹ پہننے والے بے شرم انسان نے مجھے تجویز دی ہے کہ ’’ ایبسولوٹلی ناٹ ‘‘ نہیں کہنا چاہئے تھا، اس کے بیٹے نے بھی یہی تجویز دی، اس نے یہ بھی کہا کہ یورپی یونین پر تنقید نہیں کرنی چاہئے تھی، شہبازشریف! آپ سے پوچھتا ہوں ہمیں ان سے کیا ملا، یورپی یونین کے سفیروں نے پروٹوکول توڑتے ہوئے پاکستان سے کہا روس کے خلاف بیان دیں، میں نے ان سے صحیح پوچھا تھا کہ کیا یہی بات آپ ہندوستان سے کہیں گے ؟ ان کی ہندوستان کو یہ کہتے ہوئے جان جاتی ہے ،میں بھارت کو آزاد خارجہ پالیسی پر داد دیتا ہوں۔وزیراعظم نے کہا شہبازشریف کی اچھی خاصیت یہ ہے کہ جب بھی کہیں بوٹ دیکھتا ہے اس کی پالش شروع کردیتا ہے ۔انہوں نے کہا زیادہ ٹیکس اکٹھا کرکے 10 روپے پٹرول اور فضل الرحمٰن جبکہ 5 روپے بجلی پر کم کئے ۔مزیدبرآں وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ 27 مارچ کواسلام آباد میں جلسہ ہوگا،یہ پاکستان کی روح کی جنگ ہے ۔عمران خان نے کہا چاہتے ہیں پاکستان کو اس کی اصل روح کے مطابق بنانے کے لئے جلسے میں شرکاء کی حاضری اتنی ہو کہ تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ جائیں ، ہم حق کے ساتھ کھڑے ہیں اوراس بات کی مذمت کرتے ہیں جو سیاسی مافیاز اپنی لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لئے بے شرمی سے سیاستدانوں کی روحوں کو خرید رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے ٹویٹ میں لوگوبھی جاری کردیا۔