لاہور،کراچی،کوئٹہ،اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی ، سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں)نیب بلوچستان نے ریکوڈیک منصوبے میں قومی خزانے کو کھربوں روپے کا نقصان پہنچانے والے کرپٹ عناصر کاکھوج لگا لیا، ڈی جی نیب آپریشن اور ڈی جی نیب بلوچستان کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم نے مختلف محکمہ جات کے 30 سال کے ریکارڈ کی عرق ریزی کے بعد حکومت بلوچستان کے سابقہ عہدیداران سمیت 26 افراد کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کر دیا۔ احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے شریک ملزم فضل داد عباسی اور قاسم قیوم کی ریفرنس کی کاپیاں دوبارہ فراہم کرنے کی درخواست پر فیصلہ کل تک محفوظ کرلیا۔احتساب عدالت لاہور نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جیل میں میڈیکل سہولت اور گاڑی کی تبدیلی کے متعلق درخواست پر جیل سپرنٹنڈنٹ،آئی جی جیل خانہ جات اور ہوم ڈیپارٹمنٹ سے نو نومبر تک جواب طلب کرلیا۔احتساب عدالت لاہور نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں نصرت شہباز کی حاضری استثنیٰ کی درخواست مسترد کرنے کا پانچ صفحات کا تحریری حکم جاری کردیا۔ احتساب عدالت لاہور نے آشیانہ ہاوسنگ سکینڈل کیس کے ملزم احد چیمہ اور شاہد شفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں9 نومبر تک توسیع کرکے وکلاء کو گواہ شفیق اعجاز کے بیان پر جرح کے لئے طلب کر لیا۔ احتساب عدالت لاہور نے رحمان سٹی ہاؤسنگ سکیم کے مالک محمد علی کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔احتساب عدالت لاہور نے صاف پانی کرپشن کیس میں قمرالسلام اور وسیم اجمل سمیت 20 ملزمان کیخلاف سماعت 9دسمبر تک ملتوی کرکے نیب افسر سے سپلیمنٹری ریفرنس سے متعلق مکمل رپورٹ طلب کر لی۔احتساب عدالت لاہور اربوں روپے کی کرپشن کیس کے مرکزی ملزم نیشنل بینک کے سابق وائس پریزیڈنٹ عثمان سعیدکے جوڈیشل ریمانڈ میں نو نومبر تک توسیع کرکے آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کئے جانے کے حوالے سے حتمی کارروائی رکھ لی۔ احتساب عدالت کراچی نے سپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی و دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس کی سماعت 9 نومبر تک ملتوی کردی ، نامزد ملزمہ شمشاد خاتون عدالت میں پیش نہیں ہوئی جس کے باعث ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ احتساب عدالت کراچی نے پی ایس پی چئیرمین مصطفیٰ کمال اور دیگر کے خلاف غیر قانونی اراضی الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت 21نومبر تک ملتوی کردی ۔ احتساب عدالت کراچی نے سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف 462 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس کی سماعت نیب گواہ کی عدم پیشی کے باعث 18 نومبر تک ملتوی کرکے آئندہ سماعت پر گواہ کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی ۔احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز وغیرہ کے خلاف غیر قانونی تعیناتی کیس میں بغیر کارروائی سماعت سولہ نومبرتک ملتوی کردی۔احتساب عدالت اسلام آبادمیں سابق وفاقی سیکرٹری شاہد رفیع وغیرہ کے خلاف رینٹل پاور ریفرنس میں گواہ شاہ محمد نظامانی کا بیان قلمبندکرکے سماعت 25نومبر تک ملتوی کردی گئی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اصغر علی کی عدالت میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف وغیرہ کے خلاف رینٹل پاور ریفرنسزمیں گواہ شکیل اور ضیا الدین پر وکلاء صفائی کی جرح جاری رہی،مزید سماعت25نومبرکو ہوگی۔