لاہور(اپنے رپورٹر سے ) وزیراعلی کی ہدایت پر لاہور کے داخلی راستوں کی بہتری اور انہیں خوبصورت بنانے کے منصوبے کے تحت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے ٹھوکر نیاز بیگ چوک پر آرائشی دروازے کی تعمیر کا کام آج شر وع کیا جا رہا ہے ۔ ڈائریکٹرجنرل ایل ڈی اے محمد عثمان معظم کا کہنا ہے کہ یہ آرائشی دروازہ اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت سے دو ماہ میں تعمیر کیا جائے گا۔ ٹھوکر نیاز بیگ چوک کی خوبصورتی، بہتری ،بحالی اور یہاں ٹریفک کا بہاؤبہتر بنانے کا کام بھی تکمیل کے قریب ہے ۔دوسرے شہروں سے آنے والوں کیلئے لاہور کا خوشگوار تشخص اجاگر کرنے کی خاطر علاقے کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ دروازے کے تعمیراتی مقام کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نہر کنارے دونوں طرف گرین ایریاز قائم کر کے شہریوں کیلئے تفریح گاہ بنائی جا رہی ہے ۔ منصوبے کے تحت مختلف مقامات پر سبزہ لگانے اور شجر کاری کا کام جاری ہے ۔ اس مقصد کیلئے پلانٹرز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ان پر آرائشی ٹائلیں لگانے کا کام بھی جاری ہے ۔علاقے میں سٹریٹ لائٹ کے 50نئے پول نصب کر دئیے گئے ہیں ۔ ٹھوکر نیاز بیگ فلائی اوور کے دونوں طرف شہریوں کے لئے تفریح گاہ اور گرین ایریاز قائم کرنے ‘ لینڈ سکیپنگ اور ہارٹی کلچر کا کام جاری ہے ۔ پیدل چلنے والوں کے لئے کینال روڈ کے ساتھ ساتھ واک ویز کی تعمیر جاری ہے جس کے ساتھ حفاظتی جنگلہ بھی نصب کیا جا رہا ہے ۔