اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری سالانہ ایشین آؤٹ لک رپورٹ 2020 میں کہا گیاکہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان میں مہنگائی کی شرح 11.5 فیصد رہے گی جبکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 9.8 فیصد کمی متوقع ہے ۔ غربت پرقابوپانے کیلئے حکومت پاکستان کو سماجی شعبوں تعلیم اور صحت کیلئے مزید وسائل فراہم کرنا ہوں گے ۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت 2020 میں دباؤ میں رہے گی اور رواں سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.6 فیصد رہے گی۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال پاکستان کی شرح نمو 3.2 فیصد ہو گی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان کے سخت اقدامات کے باعث جاری کھاتوں کے خسارے میں نمایاں کمی ہوئی، رواں مالی سال جاری کھاتوں کا خسارہ کم ہو کر جی ڈی پی کے 2.8 فیصد کے برابر رہے گا۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت کے احساس پروگرام سے کورونا وائرس کے برے اثرات کو محدود کرنے میں مدد ملے گی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس ٹڈی دل کے حملوں کے باعث زرعی پیداوار متاثر ہو گی ، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کمی ہو گی لیکن برآمدی شعبے کی صنعتوں بالخصوص ٹیکسٹائل اور چمڑے کی شرح نمو میں کچھ اضافہ ہو گا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہوکر 8.3 فیصدرہنے کاامکان ہے ۔