راولپنڈی(نامہ نگار خصوصی)راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک نے کہا ہے کہ کرونا ورائرس کے پیش نظر انڈسٹری کی بحالی کے لیے خصوصی بیل آوٹ پیکیج کا اعلان کیا جائے ۔وزیر اعظم عمران خان اور گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی گراوٹ اور حالات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیاد پر جامع اقدامات اٹھائے جائیں۔ آٹو سیکٹر، سٹیل پہلے ہی تنزلی کا شکار ہیں موجودہ صورتحال میں اگر بروقت اقدامات نہ اٹھائے گئے تو خدشہ ہے کہ صنعتی پلانٹس مکمل طور پر بند ہو جائیں گے ۔مارکیٹوں میں ایک بڑی تعداد ڈیلی ویجز کی ہے موجودہ صورتحال میں ان کے لیے بھی اقدامات کرنا ہوں گے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چیمبر کی سطح پر مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں ان میں مفت ماسک کی تقسیم، آگاہی سیمینارز، ہینڈ سینیٹائزر کی فراہمی، اور ضرورت مندوں کے لیے دسترخوان شامل ہے کنسٹرکشن اور رئیل سٹیٹ سیکٹرز کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے ۔ کیپٹیل گین ٹیکس ختم کیا جائے ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں نہ صرف فوری کمی کی جائے بلکہ بلوں کی ادائیگیاں بھی موخر کی جائیں۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیوں میں تیس فیصد تک کمی آ چکی ہے ۔ عالمی منڈی میں تیل کی کم قیمتوں کا فائدہ براہ راست انڈسٹری تک پہنچایا جائے ۔