کراچی( سپورٹس رپورٹر) فاطمہ فرٹیلائیزر نے ایکویسٹرین فیڈریشن آف پاکستان کے اشتراک سے لاہور میں تیسری سرسبز قومی نیزہ بازی چیمپئن شپ 2019 کی میزبانی کا اعلان کیا ہے ۔ یہ چیمپئن شپ لاہور میں ستلج رینجرز (پنجاب) کے ہیڈکوارٹرز کے پولو اور نیزہ بازی کے گراؤنڈ میں منعقد ہوگی۔ اس چیمپئن شپ کا آغاز 11 نومبر 2019پیر سے ہوگا اور یہ 15 نومبر 2019 جمعہ تک جاری رہے گی، جس کے دوران مختلف مقابلے اور تفریحی سرگرمیاں منعقد ہوں گی۔ اس ملک گیر مقابلے میں پاکستان بھر سے 1200 سے زائد گھڑ سوار اور 300 ٹیمیں حصہ لیں گی اور وہاں موجود حاضرین پانچ روز تک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں سے محظوظ ہوسکیں گے ۔ نیزہ بازی گھڑ سواری کی طرز پر ایک روایتی کھیل ہے اور گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان میں کھیلا جارہا ہے ۔ یہ کھیل بین الاقوامی سطح پر دنیا کے بہت سارے ممالک میں کھیلا جاتا ہے تاہم دولت مشترکہ کے ممالک میں یہ کھیل خصوصی مقبولیت رکھتا ہے ۔ ایکویسٹرین فیڈریشن آف پاکستان کے مطابق علاقائی سطح پر پاکستان کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ کسی دوسرے ملک کے مقابلے میں اس نے سب سے زیادہ نیزہ بازی کے چیمپیئنز پیدا کئے ہیں ۔ تاہم اپنی تمام تر تاریخ اور مہم جوئی پر مبنی ہونے کے باوجود اس کھیل میں عام لوگوں کے ساتھ سرکاری اور نجی شعبے کی توجہ قابل ذکر انداز سے اپنی جانب مبذول کرائی جانے کی ضرورت ہے ۔ ایکویسٹرین فیڈریشن آف پاکستان کے صدر ڈاکٹر فاروق احمد نے کہا، "یہ پاکستان کا واحد کھیل ہے جو قومی ثقافتی تنوع کو اجتماعی طور پر پیش کرتا ہے جہاں گھڑسوار اپنے منفرد علاقائی لباس میں ملبوس ہوتے ہیں جو کہ ان کی پگڑی پہننے کے انداز سے نمایاں ہوتا ہے ۔