اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے جوہری سلامتی کے اقدامات کی تعریف کی ہے ۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے وفد نے راجہ عبدالعزیز کی قیادت میں 4 سے 7 دسمبر تک پاکستان کا دورہ کیا۔چارروزہ دورے کے دوران وفد نے پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین ظہیر ایوب بیگ اور پاکستان جوہری توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم سے ملاقاتیں کیں۔ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ جوہری سلامتی ریاست کی ذمہ داری ہے اور پاکستان نے اسے مضبوط بنانے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، پاکستان جوہری سلامتی کو فروغ دینے کی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے ۔وفد نے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کا بھی دورہ کیا اور پاکستان کی جانب سے آئی اے ای اے کی سفارشات کے مطابق کئے جانے والے جوہری سلامتی کے اقدامات کی تعریف کی۔اٹامک ایجنسی کے وفدکا دورہ آئی اے ای اے اور پاکستان نیوکلیئر سکیورٹی کو آپریشن پروگرام کا ایک حصہ تھا، 2005 میں پاکستان میں جوہری سلامتی کے نظام کی تاثیر کو بڑھانے کیلئے باہمی اتفاق کیا گیا تھا۔اس پروگرام کو 2011 میں بڑھایا گیا تھا تاکہ اضافی شعبوں کو بھی شامل کیا جاسکے ، اس پروگرام کے تحت تمام سرگرمیاں پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے زیر انتظام ہیں۔