اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے پارٹی سے غداری کرنے والوں کیخلاف چارہ جوئی کرینگے ۔اپوزیشن معاشی ترقی روکنا چاہتی ہے ۔تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کوشکست ہو گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنی گالہ میں وزیر بحری امور علی حیدر زیدی،پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی کی الگ الگ ملاقاتوں میں کیا۔کپتان نے کھلاڑیوں کو اسلام آباد میں دس لاکھ لوگ اکٹھا کرنے کا ٹاسک دیدیا۔ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں میں حتمی پروگرام ترتیب دیدیا گیا،وزیراعظم نے اسلام آباد کی تنظیم کو میزبانی کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ، جلسہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے ایک روز پہلے کیا جائیگا۔وزیراعظم نے کہا حکومت عوام کی پریشانیوں سے پوری طرح آگاہ ہے ،حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کے باعث دیوالیہ معیشت کو استحکام ملا، جواب سسٹین ایبل گروتھ کی راہ پر گامزن ہے ۔ وزیر اعظم نے منتخب نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کیساتھ رابطے مضبوط کریں تاکہ ان میں سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے جاری مختلف سرکاری سکیموں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جا سکے ۔ وزیراعظم نے انہیں لوگوں کو یہ حقیقت باور کرانے کی بھی ہدایت کی کہ حکومت ان کی پریشانیوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور عالمی منڈیوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہونے والے تاریخی اضافے کی وجہ سے درآمدی مہنگائی کے منفی اثرات سے انہیں بچانے کیلئے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ ان عوام دوست اقدامات میں پٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے کی کمی اور بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کی کمی اور دیگراقدامات شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ٹارگٹڈ سبسڈیز اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کیلئے سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کر کے مہنگائی کے منفی اثرات کم کرنے کی بھرپورکوشش کر رہی ہے ۔وزیراعظم نے انہیں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں کامیابی یقینی بنانے کیلئے نچلی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ملاقات کرنے والوں میں پشاورشوکت علی اور شیر علی ارباب اسلام آباد سے راجہ خرم شہزاد نواز اور علی نواز اعوان،راشد شفیق، منصور حیات خان اور ذوالفقار علی ،خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان قومی اسمبلی کنول شوزب، بیگم شاہین سیف اللہ طورو، نفیسہ عنایت اللہ خٹک اور نورین فاروق ابراہیم سابق رکن قومی اسمبلی چودھری اشفاق، حاجی یونس انصاری اور سی ای او چین ون میاں کاشف اشفاق شامل ہیں ۔وزیراعظم سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی، ذرائع کے مطابق بنی گالہ میں ہونے والی ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر خارجہ نے ارکان اسمبلی سے رابطوں پر بریفنگ دی اور حالیہ بھارتی میزائل کے معاملہ پر بیان سے متعلق پاکستان کے جوابی ردعمل جاری کرنے سے متعلق بھی آگاہ کیا، ملاقات میں اسمبلی سیشن بلانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم سے سینٹ میں قائد ایوان شہزاد وسیم نے بھی ملاقات کی،ملاقات میں سیاسی صورتحال پرگفتگوکی گئی،شہزاد وسیم نے کہاتحریک انصاف اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کو ناکام بنائے گی،قومی اسمبلی میں بھی اپوزیشن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔