لاہور(عثمان علی،تصاویر سہیل نیاز)گرانفروشی کو روکنے کے حکومتی دعوے دکانداروں نے ہوا میں اڑا دئیے ،ریٹ لسٹس دکانوں پر نمایاں جگہ آویزاں کرنے اور عمل کے فیصلہ پر عمل درآمد نہ کروایا جاسکا،گرانفروش مافیا کی جانب سے حکومتی نرخ نامے پر عمل درآمد کرنے کی بجائے من مانے نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فروخت جاری ہے ۔تفصیلات کے مطابق مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف دینے اور گرانفروش مافیا کے قلع قمع کے لیے حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا گیا تھا کہ دکاندار ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں گے اور اگر سرکاری نرخ ناموں کے مطابق اشیائے ضروریہ فروخت نہ کی جارہی ہیں تو حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہیلپ لائن نمبر پر کال کر کے شکایت کا اندراج کروایا جاسکتا ہے اور اس مقصد کے لیے باقاعدہ ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا گیا تاہم گرانفروشی کے روکنے کے دعوے صرف زبانی دعوے ہی ثابت ہوئے اور ہیلپ لائن نمبر اور ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کے فیصلوں پر عمل درآمد نہ کروایا جاسکا،جبکہ مہنگائی کے ستائے شہری گرانفروشوں کے ہاتھوں لٹنے لگے ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کارروائیوں کے دعووؤں کے باوجود بھی گرانفروشی کو روکا نہ جاسکااور اشیائے ضروریہ بالخصوص سبزیوں اور پھلوں کی من مانے نرخوں پر گرانفروشوں کی جانب سے فروخت جاری ہے ۔سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کی قیمتیں آسمانوں کو چو رہی ہیں پیاز56کی بجائے 70سے 80روپے ،ٹماٹر115کی بجائے 150روپے تک ،ادرک چائنہ325کی بجائے 400روپے ،شملہ مرچ200روپے کی بجائے 250روپے تک،سبز مرچ 220روپے تک،مٹر162کی بجائے 180سے 200روپے ،سیب گاچا150روپے تک،کیلا 60روپے کی بجائے 80روپے درجن میں فروخت ہو رہے ہیں اور شہر میں تمام جگہوں پر ہی گرانفروشی جاری ہے جبکہ شہریوں نے روزنامہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہوشربا مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں پہلے سرکاری نرخ ناموں میں قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں رہی سہی کسر گرانفروشی پوری کر دیتی ہے عوام کے لیے کسی جانب سے بھی ریلیف نہیں ہے حکومت دعوے نہ کرے بلکہ عملی اقدامات کرے ۔