لاہور(اپنے رپورٹر سے )واسا لاہور کی جانب سے ریکوری کیلئے کارروائیاں عام شہریوں تک محدود، صوبائی محکموں کے 197 اور وفاق کے 40 کنکشنز واسا کے 55 کروڑ 53 لاکھ 49ہزار 683 روپے کے نادہندہ ہونے کے باوجود وصولی کیلئے موثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔ واسا نے 20 لاکھ روپے سے زائد واجبات ادا نہ کرنے والے محکموں کی لسٹ مرتب کی ہے ۔ پنجاب حکومت کے زیر اہتمام محکموں کے 197 کنکشنز واسا کے نادہندہ ہیں ،سٹی ڈسٹرکٹ لاہور کے 33 کنکشنز2 کروڑ، پی ایچ اے کے 27 کنکشنز 3 کروڑ سے زائد ،محکمہ اوقاف کے 22 کنکشنز3 کروڑ سے زائد کے نادہندہ۔ اسی طرح جلو پارک کے 21 کنکشنز 4 کروڑ،میٹرو پولیٹن کے 10 کنکشنز 3 کروڑ 50 لاکھ سے زائد کے نادہندہ ہیں ۔لسٹ کے مطابق محکمہ پولیس کے 21 کنکشنز 2 کروڑ، محکمہ تعلیم 2 کروڑ ، گورنر ہائوس 29 لاکھ روپے کے نادہندہ ہیں۔ وفاق کے زیر انتظام ادارے محکمہ واسا کے 17 کروڑ 78 لاکھ 55 ہزار 394 روپے کے نادہندہ ہیں ۔پاکستان ریلوے کے 30 کنکشنز 13 کروڑ ، واپڈا کے 8 کنکشنز ایک کروڑ 85 لاکھ سے زائد کے نادہندہ ہیں۔