پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیرمذہبی امورنورالحق قادری نے کہاہے کہ ریاست مدینہ کایہ مطلب یہ نہیں کہ لوگوں کو مفت حج کرائیں۔ مدینہ کی ریاست کا مطلب لوگوں کو خوشیاں دینا اور فلاحی ریاست بننا ہے ،صاحب استطاعت لوگ ہی حج کرتے ہیں اور جس کے پاس پیسے ہوں گے وہ حج کیلئے جائے گا۔پشاورمیں تقریب میں شرکت کے بعد میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے نورالحق قادری نے کہا ہماری وزارت کی خواہش تھی کہ حج پر سبسڈی دی جائے مگر وزیراعظم اور کابینہ نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا۔ کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ حج صاحب استطاعت لوگوں کا حق ہے اسلئے سبسڈی صحت، تعلیم اور دیگر فلاحی کاموں پر لگانی چاہئے ۔حکومت حج سے ایک روپیہ بھی نہیں کمارہی۔وفاقی وزیر نے حکومت سے ناراضی کی بھی تر دید کر تے ہوئے کہاکہ کابینہ اجلاس کے دوران فون آنے پر باہر گیا تھا ، اختلافات کا تاثر غلط ہے ۔ سینٹ اسلئے نہیں گیا کیونکہ میں اس تقریب میں شریک تھا۔ اپنے خرچ پر حج کرنے جائوں گا۔