اسلام آباد(خبر نگار) سپریم کورٹ نے موبائل فون ٹیکس سے متعلق کیس میں کہا ہے کہ ریاست نے ہر شہری کو قابل ٹیکس سمجھ لیا، عوام کی جیب پر ڈاکہ نہ ڈالا جائے ۔چیف جسٹس آصف کھوسہ نے کہا کہ حکومت ایسا میکنزم بنائے کہ انکم ٹیکس نہ دینے والوں کو سرٹیفکیٹ نہ لینا پڑے جبکہ جسٹس اعجاز الاحسن کیاجو ریفنڈ مانگے اس کو دیدیں اورجو نہ مانگے وہ جیب میں ڈال لیں؟ دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے ریما ر کس دیئے ہیں کہ ٹیکس معاملات میں ریاست کو ایمانداری کا مظاہرہ کرنا چا ہیے نہ کہ عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالا جائے ۔ چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کے طریقہ کار کو تمام شہریوں کیلئے آسان بنانے کی ضرروت ہے تاکہ شناختی کارڈ سے پتہ چل سکے کہ کون ٹیکس دہندہ ہے اور کون نہیں، حکومت کو ایسا میکنزم بنانا چاہیے کہ انکم ٹیکس نہ دینے والوں کو سرٹیفکیٹ نہ لینا پڑے ۔چیف جسٹس نے کہا ریاست یہ سمجھتی ہے کہ شہری خود نشاندہی کرے گا کہ وہ ٹیکس دے یا نہیں، کتنے لوگ ہیں جو ایڈوانس ٹیکس کا ریفنڈ مانگتے ہیں ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ کب کہاں کتنا ٹیکس لگانا ہے ؟ یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ حکومت نے اس قانون کا صحیح نفاذ کیا ہے یا نہیں ؟ اس قانون کی وجہ سے بہت بڑی رقم عوام کی جیبوں سے نکالی گئی ۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ موبائل کارڈ پر ہر صارف کو ایڈوانس ٹیکس دینا ہوتا ہے جس صارف پر انکم ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوتا وہ ریفنڈ لے سکتا ہے ۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ عدالت نے ود ہولڈنگ ٹیکس کی وصولی کو معطل کیا قانون کو نہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت بدھ تک ملتوی کردی ۔ عدالت نے بینکوں کے نادہندگان کے خلاف نیب کی کارروائی کے تمام مقدمات کو یکجا کرکے سننے کا فیصلہ کیا ہے اور احتساب عدالت کو درخواست گزاروں کے خلاف مزید کارروائی سے روک دیا ہے ۔پیر کو جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے نیب کارروائی کے خلاف بینک نادہندگان کی درخواستوں کی سماعت کی تو اٹارنی جنرل نے نیب کارروائی کا دفاع کیا اور کہا کہ جان بوجھ کر نادہندہ بن جانا بدعنوانی میں آتا ہے اور نیب کو کرپٹ پریکٹس پر کارروائی کااختیار حاصل ہے ۔دریں اثنا اسی بینچ نے کلثوم ولہ بھائی سوشل سکیورٹی ہسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اسلم پرویز میمن سمیت دیگر 2ملازمین کی کرپشن کیسز میں عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو ہدایت کی کہ ملزمان کوگرفتار کرنے سے پہلے انھیں شو کاذ نوٹس جاری کیا جائے ۔ سپریم کورٹ نے ملک بھرکے شہری علاقوں میں زمین کے انتقال میں پٹوار خانوں کے کردار پر پابندی عائد کرنے کے فیصلہ پرنظر ثانی کی درخواستیں سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ ضلع کشمور میں کارو کاری میں قتل ہونے والی مہناز مائی کی والدہ نے انصاف کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ۔