لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹر ریجن انڈر۔ 13اور انڈر۔ 16ٹورنامنٹ کی ٹیموں کے انتخاب کے لیے لاہور ریجن کے دو روزہ ٹرائلز کا شیڈول جاری کردیا ہے ۔انڈر 13کے اوپن ٹرائلز 27اگست اور انڈر 16کے ٹرائلز 28اگست کو منعقد ہوں گے ۔ایسٹ زون، نارتھ زون اور ویسٹ زون کے ٹرائلز بالترتیب ایل سی سی اے ، اتفاق ایل آرسی اے اور کرکٹ سینٹر گراونڈ میں منعقد ہوں گے ۔ایسٹ زون میں سعود خان، نارتھ زون میں انتخاب عالم جونئیر اور ویسٹ زون میں طلعت مرزا کو ٹیلنٹ ہنٹ آفیسر مقرر کیا گیا ہے جبکہ تینوں زونوں میں ایک ایک لوکل سلیکٹر لاہو رریجن کی طرف سے مقرر کیا جائے گا۔ یکم ستمبر 2005یا اس سے بعد کی تاریخ پیدائش والے کھلاڑی انڈر 13کے ٹرائلز میں شرکت کے اہل ہوں گے جبکہ یکم ستمبر 2002یا اس سے پہلے کی تاریخ پیدائش والے کھلاڑی انڈر ۔16 کے ٹرائلز میں شرکت کے اہل ہوں گے ۔ اوپن ٹرائلز میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کا عمل ایل سی سی اے آفس میں مورخہ 20اگست سے 26اگست کی شام 5بجے تک جاری رہے گا۔ شرکت کے خواہاں کھلاڑی اپنی دو عدد رنگین تصاویر، فارم ب کی کاپی اور والد کے شناختی کارڈ کی کاپی کے ہمراہ مقررہ کردہ ۔ایام میں ایل سی سی اے آفس میں عابد حسین سے رابطہ کرسکتے ہیں مورخہ 21تا 23اگست کو عیدالضحی کی تعطیلات کی وجہ سے رجسٹریشن کا عمل بند رہے گا۔