کراچی(کامرس رپورٹر)ملک میں ڈالر،سونا اور سٹاک مارکیٹ کی اونچی اڑان جمعرات کو بھی جاری رہی۔ ڈالر اور سونا نے مہنگا ہونے کا نیاریکارڈ قائم کردیا جبکہ سٹاک مارکیٹ بھی 322پوائنٹس بلند ہوگئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں 60پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 173.40 سے بڑھ کر174 اور قیمت فروخت173.50سے بڑھ کر174.10روپے پر جا پہنچی ۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں20پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 173.80 سے بڑھ کر174 اور قیمت فروخت174.20 سے بڑھ کر174.40روپے ہو گئی ۔ادھرعالمی منڈی میں سونا 4ڈالر اضافے سے 1785ڈالر فی اونس ہوگیا جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا مزید2ہزار روپے مہنگا ہو گیا،یوں ایک تولہ سونا کی قیمت ایک لاکھ24ہزار200روپے جبکہ1714روپے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ6ہزار481روپے پر جا پہنچی ۔ادھرپاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بھی تیزی رہی ۔کمپنیوں کے مثبت مالیاتی نتائج آنے پر سرمایہ کارایک بار پھر متحرک ہو گئے ، جس کے باعث جمعرات کو کے ایس ای100انڈیکس 321.91پوائنٹس اضافے سے 45821.40پوائنٹس ہو گیا۔ مارکیٹ کے سرمائے میں 39ارب26کروڑ6لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،اس دوران33کروڑ83لاکھ15ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔