لاہور (کامرس رپورٹر) یونائیٹڈ بزنس گروپ نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے انجینئر دارو خان کو فیڈریشن کے آمدہ سالانہ انتخابات کے لئے صدارتی امیدوار نامزد کردیا ۔ گروپ کی طرف سے کراچی سے ڈاکٹر مرزا افتخار بیگ ‘ایسوسی ایشن کلاس کے عبدالوحید اور نور احمد خان ‘اسلام آباد سمال چمبر سے قربان علی خان ‘ اعجاز عباس ‘ویمن چمبرز سے شیریں ارشدخان اور ایبٹ آباد سے حاجی ارشد خان کو نائب صدور کے عہدوں کے لئے امیدوار نامزد کیا ہے ۔ یہ فیصلہ گروپ کی کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک نے کی۔ اجلاس میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے عہدیداروں افتخار ملک ‘ ایس ایم منیر ‘ غضنفر بلور ‘میاں حمد ادریس ‘ زبیر طفیل ‘ عبدالرئوف عالم اور دیگر کو ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔